میرا دل ہر روز غزہ کے بےگناہ اور معصوم لوگوں کے لیے روتا ہے؛ ثنا خان

ممبئی: (پوائنٹ پاکستان )مذہب کی خاطر بالی ووڈ کو خیرباد کہنے والی سابقہ بھارتی اداکارہ ثنا خان نے کہا ہے کہ وہ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کو دیکھ کر روزانہ روتی ہیں۔
ثنا خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر فلسطینی پرچم کی ویڈیو پوسٹ کی اور ساتھ ہی ظلم کے شکار فسلطینی عوام کے لیے پیغام بھی لکھا۔
اُنہوں نے کہا کہ “جب اللہ تمہارے ساتھ ہو تو کسی سے نہ ڈرو، یہ جملہ صحیح معنوں میں فلسطینیوں کی نمائندگی کرتا ہے”
ثنا خان نے کہا کہ “میرا دل ہر روز غزہ کے بےگناہ اور معصوم لوگوں کے لیے روتا ہے، میرے بہن بھائیوں کے ساتھ غزہ میں جو کچھ ہورہا ہے، اُسے دیکھ کر روزانہ کام کرنا بہت مشکل ہے”۔
7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری میں شہدا کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کرگئی جب کہ 25 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔
ثنا خان نے دُعاوْں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ “دعا کرتے رہیں کہ اللہ ہم سب کی حفاظت فرمائے, ہمیں طاقت اور صبر عطا فرمائے اور ہمیں بھی اپنی جنت کے لیے چن لے”۔
غزہ میں 6 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوچکے ہیں جو ان کیمپوں میں اور اسکولوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے جن پر اب اسرائیل بمباری کر رہا ہے۔ 5 مساجد کو بھی شہید کیا جا چکا ہے۔
اسی طرح 7 اکتوبر سے غزہ کی اسرائیلی ناکہ بندی کے باعث 23 لاکھ افراد پانی، کھانے اور ایندھن سے محروم ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں