شوقیہ گلوکار چاہت فتح علی خان کی مقبولیت میں اضافہ، سوشل میڈیا پر چرچے

لاہور:(پوائنٹ پاکستان) برطانیہ میں رہائش پذیر شوقیہ گلوکار چاہت فتح علی خان رات و رات مقبول ہو گئے ، سوشل میڈیا پر چرچے ہو رہے ہیں ، زیادہ تر صارفین ان کی گائیکی پر طنز کر رہے ہیں جبکہ موسیقی کے دلدادہ کچھ لوگ ان کی تعریفوں کے پل باندھ رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر انسانی حقوق کے متحرک وکیل رہنما طاہر چودھری نے چاہت فتح علی خان کی ایک ویڈیو شئیر کی ہے ، انہوں نے کہا کہ ” دو دن قبل استاد چاہت فتح علی خان صاحب کی ایک لائیو پرفارمنس ویڈیو شیئر کی تھی۔ موسیقی کے چاہنے والوں نے بہت پسند کیا۔ ان ہی دوستوں کے پرزور اصرار پر استاد صاحب کا ایک بالکل تازہ کلپ شیئر کر رہا ہوں۔”


طاہر چودھری نے فرمائش کرنے والے دوستوں سے درخواست کی ہے کہ میں بوجوہ ہر روز استاد صاحب کی ویڈیو شیئر نہیں کر سکتا۔ بار بار میسج کر کے شرمندہ نہ کریں۔ اگر آپ روزانہ کی بنیاد پر سننے کے خواہشمند ہیں تو بہتر یہ ہے انہیں فیس بک پر فالو کر لیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پچھلی شیئر کردہ ویڈیو پر ایک دوست نے کہا تھا کہ آج پتہ چلا موسیقی حرام کیوں قرار دی گئی ہے۔ پہلے میں سمجھا کہ یہ استاد صاحب کی تعریف ہے لیکن پھر کوئی تقریبا پونے تین گھنٹے غور وفکر کرنے کے بعد اندازہ ہوا کہ ان صاحب نے اپنے تئیں استاد محترم کا مذاق بنانے کی کوشش کی۔ انتہائی بھونڈی کوشش تھی۔ میں ان صاحب کو بس اتنا کہوں گا، پھونکوں سے یہ چراغ بجھایا نہ جائے گا۔جلنے والے جلتے رہیں گے۔ استاد صاحب کی تازہ پرفارمنس آپ کی سماعتوں کی نظر ہو ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں