پنجاب؛ قتل کی وارداتوں میں مطلوب 6 خطرناک اشتہاری دبئی سے گرفتار

لاہور: (پوائنٹ پاکستان)قتل کی مختلف وارداتوں میں مطلوب 6 خطرناک اشتہاری ملزمان کو دبئی سے گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں برس بیرون ملک سے گرفتار کیے گئے خطرناک اشتہاری مجرموں کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔ حالیہ کارروائی میں انسپکٹر خالد نواز وریاہ کی قیادت میں اسپیشل آپریشن سیل کی ٹیم گرفتار 6 اشتہاریوں کو دبئی سے لے کر پاکستان روانہ ہوئی۔

گرفتار کرکے لائے گئے اشتہاری مجرموں میں حماد شہباز ، ابو بکر ، امتیاز احمد ، محمد رضوان، بلال مصطفی اور علی رضا شامل ہیں۔ اشتہاری حماد شہباز 2022 میں گوجرانوالہ میں شہری کو قتل کرکے بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔ اشتہاری محمد رضوان نے 2023 میں فیصل آباد میں شہری کو قتل کیا تھا۔ اشتہاریوں ابوبکر اور امتیاز احمد گزشتہ برس گوجرانوالہ میں شہری کو قتل کرنے کے بعد بیرون ملک فرار ہو گئے تھے۔

پولیس کے مطابق اشتہاری بلال مصطفی سیالکوٹ پولیس کو 2015 سے قتل کے مقدمے میں مطلوب تھا۔ اشتہاری علی رضا 2022 میں جہلم میں شہری کو قتل کرکے 02 برس سے بیرون ملک مفرور تھا۔

اشتہاری مجرموں کی گرفتاری کے لیے پنجاب پولیس اسپیشل آپریشن سیل کی ٹیم نے انٹرپول سے تمام اشتہاریوں کے ریڈ نوٹسز جاری کروائے اور متحدہ عرب امارات پولیس سے مستقل رابطہ کاری کے ذریعے تمام اشتہاریوں کو گرفتار کیا۔ قانونی مراحل پورے کرنے کے بعد ٹیم پاکستان کے لیے روانہ ہوئی جب کہ پاکستان پہنچتے ہی ائرپورٹ سے متعلقہ اضلاع کی پولیس ٹیمیں اشتہاریوں کو تحویل میں لیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں