مرغی نے 6 گھنٹے میں 2 درجن انڈے دیکر سب کو حیران کردیا

نئی دہلی : ( پوائنٹ پاکستان) بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ان دنوں ریاست کیرالہ کے گاؤں میں ایک مرغی سب کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے کیونکہ اس نے اتوار کے روز 6 گھنٹے کے دوران دو درجن یعنی پورے 24 انڈے دینے کے بعد پولٹری ماہرین سمیت سب کو حیران کر دیا۔

مرغیاں پالنے والے حلقوں میں مرغی کے اتنے کم وقت میں 24 انڈے دینے پر کافی بحث کی جارہی ہے اور اسے ایک کارنامہ قرار دیا جارہا ہے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا کے مطابق یہ مرغی V380 ہائبرڈ نسل کی ہے ۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اتوار کی صبح مرغی کے مالک بیجو کمار نامی شخص نے اسے لنگڑاتے ہوئے دیکھا جس کے بعد اس نے مرغی کی ٹانگوں پر تیل لگایا تھا تاہم تھوڑی دیر بعد ہی اس نے انڈے دینا شروع کردیے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مرغی کی جانب سے اتنی تعداد میں انڈے دینے کی خبر آس پاس کے گاؤں میں آگ کی طرح پھیل گئی اورمقامی لوگوں نے بیجو کے گھر کو گھیر لیا ۔

میڈیا رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 8 ماہ کی یہ مرغی ان 23 مرغیوں میں سے ایک ہے جنہیں بیجو اور اس کی بیوی نے 7 ماہ قبل بینک کے قرض کی مدد سے خریدا تھا۔

خیال رہے تحریک انصاف کی حکومت نے بھی مرغیاں اور کٹے پالنے کی اسکیم شروع کی تھی تاہم وہ کامیاب نہ ہو سکی ، بھارت سے موصول ہونے والی اس خبر کے بعد پاکستان میں سوشل میڈیا پر مرغیاں پالنے کی اسکیم پر دوبارا پھر سے چٹکلے چھوڑے جا رہے ہیں۔ صارفین دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں