ہرات:( پوائنٹ پاکستان انٹرنیشنل) افغان طالبان نے ریستوران میں مرد و خواتین کے ایک ساتھ کھانا کھانے پر پابندی عائد کردی، مغربی افغانستان کے شہر ہرات کے ریسٹورنٹ میں مرد و خواتین کے ایک ساتھ کھانا کھانے پر پابندی عائد کردی گئی۔
طالبان اہلکار کے مطابق ہرات میں پارکوں میں مرد وخواتین کے ایک ہی وقت میں جانے پر بھی پابندی ہے۔ ریسٹورنٹس میں مرد و خواتین کو الگ الگ رہنےکی ہدایت کی گئی ہے۔طالبان اہلکار نے بتایا کہ ریسٹورنٹس مالکان کو زبانی طور پر متنبہ کر دیا گیا تھا۔
اہلکار نے مزید بتایا کہ چاہے میاں بیوی ہی کیوں نہ ہوں، یہ اصول لاگو ہوگا۔ خواتین سے کہا ہے کہ وہ جمعرات، جمعہ اور ہفتہ کو پارکوں میں جائیں۔
دوسری جانب خبر ایجنسی نے بتایا کہ ریسٹورنٹ حکام نے طالبان کی جانب سے نئے احکامات ملنے کی تصدیق کی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کا مزید کہنا ہے کہ افغانستان بھر میں خواتین کے اکیلے سفرکرنے پر پہلے ہی پابندی عائد ہے اور گزشتہ ہفتے طالبان حکام نےخواتین کو عوامی مقامات پر برقعہ پہننے کا حکم بھی دیا تھا۔




