لاہور:(پوائنٹ پاکستان) کم عمر ترین نوبل امن انعام یافتہ اور لڑکیوں کی تعلیم کے حق میں آواز بلند کرنے والی باہمت پاکستانی ملالہ یوسفزئی سے منسوب “عالمی یوم ملالہ” آج منایا جا رہا ہے۔
آج 12 جولائی ملالہ یوسفزئی کی سالگرہ کا دن ہے اور اسی مناسبت سے اقوام متحدہ نے اس دن کو “ملالہ ڈے” سے منسوب کیا تھا۔
پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے ضلع سوات سے تعلق رکھنے والی ملالہ یوسفزئی امن کا نوبل انعام حاصل کرنے والی دنیا کی کم عمر ترین شخصیت ہیں۔ آج ان کی 25ویں سالگرہ ہے ۔
یاد رہے تعلیم کے لیے آواز بلند کرنے والی بہادر پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی اور بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے بھارت کے کیلاش ستیارتھی نے مشترکہ طور پر امن کا نوبل انعام 2014ء میں جیتا تھا۔
ملالہ یوسفزئی اکتوبر 2012ء میں اس وقت توجہ کا مرکز بنیں جب اسکول سے گھر جاتے ہوئے سوات میں طالبان شدت پسندوں نے انھیں فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا تھا۔
طالبان شدت پسندوں نے ملالہ کو تین گولیاں ماریں ، ایک گولی اُن کے سر میں بھی لگی، پاکستان میں ابتدائی علاج کے بعد اُنھیں ایک خصوصی طیارے کے ذریعے برطانیہ منتقل کر دیا گیا تھا جہاں صحت یابی کے بعد نہ صرف اپنی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں بلکہ ملالہ فاؤنڈیشن کے ذریعے دنیا بھر میں بچیوں کی تعلیم کے لیے بھی گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہیں۔




