کراچی:(پوائنٹ پاکستان) قومی کرکٹ ٹیم فاسٹ باؤلر حسن علی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کے سیمی فائنل میں میتھیو ویڈ کا کیچ ڈراپ کرنے کے بعد دو دن تک سو نہیں پائے تھے ۔ فاسٹ باؤلر نے اسے اپنے کیریئر کا اب تک کا مشکل ترین لمحہ بھی قرار دیا۔
خیال رہے 177 کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان کو آخری دو اوورز میں برتری حاصل تھی۔ تاہم حسن علی نے آخری اوور میں شاہین آفریدی کی گیند پر ویڈ کا ایک آسان کیچ گرا دیا۔ آسٹریلیائی وکٹ کیپر بلے باز نے اس کے بعد بائیں ہاتھ کے سیمر کو لگاتار تین چھکے مار کر پاکستان کو ورلڈ کپ سے باہر کر دیا تھا ، جس کی وجہ سے قومی فاسٹ باؤلر حسن کو بڑے پیمانے پر آن لائن بدسلوکی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔




