اسلام آباد(پوائنٹ پاکستان)صدر مملکت اور وزیراعظم سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ون آن ون الوداعی ملاقاتیں کیں۔ذرائع کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جنرل قمر جاوید باجوہ کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ صدر مملکت کی جانب سے جنرل قمر جاوید باجو ہ کی ملک اور پاک فوج کے لیے خدمات کی تعریف کی گئی۔ انہوں نے ریٹائر ہونے والے آرمی چیف کی دفاعی شعبے میں خدمات کو سراہا۔بعد ازاں آرمی چیف نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعظم کی جانب سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ نئے آرمی چیف کے لیے کمان تبدیلی کی خصوصی تقریب کل 29 نومبر بروز منگل صبح 9 بجے منعقد ہو گی۔ تقریب میں نئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر پاک فوج کی کمان سنبھالیں گے۔ریٹائر ہونے والے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ خصوصی تقریب میں پاک فوج کی کمان نئے آرمی چیف کے حوالے کریں گے۔ اس موقع پر تمام مسلح افواج کے سربراہان، اعلی سول اور فوجی افسران تقریب میں شریک ہوں گے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزرا، سفارتکار ، اعلی شخصیات اور صحافی بھی تقریب میں مدعو کیے گئے ہیں۔اس موقع پر نئے آرمی چیف کو سلامی پیش کی جائے گی۔




