لاہور:(پوائنٹ پاکستان) معروف تجزیہ کار و کالم نگار ایاز امیر کو لاہور میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے دفتر کے باہر نامعلوم افراد نے ایاز امیر کو مکوں اور لاتوں کی زد پر رکھا اور کپڑے بھی پھاڑ دیے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کالم نگار ایاز میر پر تشدد کے واقعے کانوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کی ہے۔
ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے ملزمان کی جلد گرفتاری کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایاز میر پر تشدد کا واقعہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے انصاف کے تمام تقاضے پورے کرنے کی ہدایت کی۔
ملک بھر سے سوشل میڈیا صارفین ایاز امیر پر حملے اور تشدد کی مذمت کر رہے ہیں.
کراچی پریس کلب نے بھی ایاز امیر پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ایاز امیر پر تشدد سیاسی عدم برداشت کی مثال ہے، ایسے اقدامات سے میڈیا کی آواز کو دبا نہیں جا سکتا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایاز امیر نے کہا تھا کہ عمران خان کی حکومت کے خلاف سازش امریکہ سے نہیں اسلام آباد کے ساتھ والے شہر سے ہوئی۔




