جہلم ضلعی انتظامیہ کی غفلت، شہر کی گلیوں اور بازاروں میں تجاوزات کی بھر مار، عبدالمنان

جہلم( عبدالمنان – پوائنٹ پاکستان) جہلم ضلعی انتظامیہ کی غفلت، شہر کی گلیوں اور بازاروں میں تجاوزات کی بھر مار، حادثات ولڑائی جھگڑے روزانہ کا معمول بن گئے، سیاسی وسرکاری افسران کے گرد ٹاوٹوں کا پہرہ، غریب متاثر ین کے لئے انصاف کا حصول چیلنج بن کر رہ گیا،
شہریوں کا ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق شہری ودیہی علاقوں کی گلیوں اور بازاروں میں نئے تعمیر ہونے والے مکانات و دکانات کے مالکان نے سرکاری اراضی سمیت گلیوں بازاروں،سڑکوں پر قبضہ کرتے ہوئے گھروں کے داخلی دروازوں کے باہر غیر قانونی سیڑھیاں اور گاڑیوں کے داخلے کے لئے ریمپ تعمیر کر رکھے ہیں جس کی وجہ سے گلیاں بازار سڑکیں تنگ ہو چکی ہیں اور حادثات روزانہ کا معمول بن چکے ہیں،

سڑکوں پر بلا خوف وخطر قبضہ گروپوں کا راج ہو نے کی وجہ سے شہریوں کا دست وگریباں ہونا کوئی نئی بات نہیں جبکہ بعض جھگڑوں کے ماضی میں مقدمات بھی درج ہیں، سیاسی عوامی نمائندگان وسرکاری افسران کے گرد مبینہ طور پر ٹاوٹوں اور با اثر افراد کی بیٹھک ہونے کی وجہ سے غربت متاثرین کے لئے انصاف حاصل کرنا کسی چیلنج سے کم نہیں، غیر قانونی سیڑھیوں اور ریمپوں کو ختم کرنے کے لئے عوامی حلقوں نے متعدد بار متعلقہ افسران سے مطالبہ بھی کیا مگر کسی ذمہ دار کے کانوں پر جوں تک کا نہ رینگنا سوالیہ نشان ہے،
شہریوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اندرون شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں سینکڑوں ایکڑ سرکاری اراضی پر آ ہستہ آ ہستہ قبضہ گروپوں نے اپنی اجارہ داری قائم کرنا شروع کر رکھی ہے، شہری ودیہی علاقوں کے گلیوں اور بازاروں میں تجاوزات کی بھر مار سے شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے، شہریوں نے چیرمین میونسپل کمیٹی، چیف آ فیسر میونسپل کمیٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ گلیوں بازاروں میں تعمیر ہونے والی سیڑھیاں تھڑے، ریمپس وغیرہ مسمار کر کے گلیوں، بازاروں اور سڑکوں کو کشادہ کیا جائے تاکہ شہریوں کو آ مد ورفت میں پیش آ نے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے

اپنا تبصرہ بھیجیں