لاہور: (پوائنٹ پاکستان) پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ نیوٹرلز کے ساتھ میری کوئی لڑائی نہیں، حکومت گرفتار کرنا چاہتی ہے تو کر لے کوئی ڈر نہیں۔
تفصیلات کے مطابق سینئر صحافیوں کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا ہے کہ نیوٹرلز کے ساتھ میری کوئی لڑائی نہیں، میں کیوں ان سے لڑوں گا، نیوٹرل کو کمزور کرنے کا مطلب دشمن کو مضبوط کرنا اور ملک کمزور کرنا ہو گا، نیوٹرل سے بات ہوئی تو ایک ہی موقف ہے فری اینڈ فیئر الیکشن ہو چوروں سے کبھی اتحاد نہیں کرونگا۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمرانوں سے کوئی بات کرنے کو تیار ہیں، ضمنی انتخاب 2022 میں دھاندلی کی گئی تو ملک کا اور نقصان ہو گا، تگڑی حکومت بنے گی تو معیشت چلے گی۔ اس بار حکومت میں ایک ایشو رہا مختلف چھوٹی جماعتیں بلیک میل کرتی رہیں.
پی ٹی آئی کے چیئرمین نے مزید کہا کہ سردار عثمان بزدار کے علاوہ باقی امیدوار ایک دوسرے کے نام پر بطور وزیر اعلیٰ متفق نہیں تھے، ہماری حکومت میں اگر بزدار کے خلاف کسی اور کوپنجاب کا وزیر اعلیٰ بناتے تو وہ کرپشن کرتا۔ عبدالعلیم خان اور پرویز الٰہی بطور وزیر اعلیٰ ایک دوسرے کے نام سے راضی نہیں تھے، صوبہ پنجاب ملک کا ساٹھ فیصد ہے کسی ایسے کو وزیر اعلیٰ نہیں بنا سکتا تھا جو ذاتی لوٹ مار کرتا۔




