کراچی:(پوائنٹ پاکستان) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے شیر شاہ میں دھماکہ ہوا ہے جس سے قریب موجود عمارت کو شدید نقصان پہنچا، دھماکے سے 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شیر شاہ پراچہ چوک کے قریب دھماکے سے قریب موجود عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے۔
لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 2 منزلہ عمارت نالے پر تعمیر کی گئی تھی، عمارت میں بینک اور دیگر دفاتر موجود تھے، عمارت کا کچھ حصہ گرنے کے بعد ملبے کے نیچے مزید لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ بھی ہے۔
دھماکے سے کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، ایمبولینسز اور دیگر ریسکیو ٹیمیں دھماکے کی جگہ پہنچ گئی ہیں جس کے بعد جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس اور رینجرز اہلکار بھی جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ ممکنہ طور پر نالے میں گیس بھرنے کے باعث ہوا تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔




