اسلام آباد:( پوائنٹ پاکستان) جانوروں سے انسانوں میں پھیلنے والا وائرس منکی پاکس کا پہلا کیس سامنے آ گیا۔
سینئر صحافی جاوید چوہدری کی ویب سائٹ کے مطابق پہلا کیس سامنے آنے کے بعد قومی ادارہ صحت نے منکی پاکس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش ہسپتالوں اور حکام کو ہائی الرٹ کر دیا ہے ۔
این آئی ایچ کے مطابق صوبائی اور قومی سطح پر تمام متعلقہ ادارے اور حکام ہائی الرٹ رہیں،تمام سرکاری اور نجی اسپتال آئسولیشن اور علاج کیلئے تیاری کو یقینی بنائیں۔قومی ادارہ صحت منکی پاکس کی مونیٹرنگ کر رہا ہے، احتیاطی تدابیر اور پھیلاؤ کو روکنے کیلئے بروقت تشخیص اور اقدام ضروری ہے۔
این آئی ایچ کے مطابق منکی پاکس کے کیسز ایسے ممالک میں سامنے آئے جہاں اس کا پھیلاؤ نہیں تھا۔
منکی پاکس کی علامات
منکی پاکس متاثرہ شخص، جانور یا ایسے مواد جس میں جراثیم ہوں کو چھونے سے ہوتی ہے،وائرس متاثرہ انسان سے دوسرے انسان کو بھی منتقل ہو سکتا ہے۔
بخار کے پہلے دن سے تیسرے دن کے دوران خارش شروع ہوتی ہے، چہرے پر شروع ہونے والی خارش بدن پر پھیل جاتی ہے،منکی پاکس کی علامات میں بخار، سر درد، پٹھوں میں درد، تھکاوٹ ہو سکتی ہے،اس کا دورانیہ 7 سے 14 دن کا ہے لیکن 21 دن تک بھی جا سکتا ہے۔
خیال رہے امریکا اور انگلینڈ سمیت یورپ اور افریقہ کے متعدد ممالک میں بیماری پھیل رہی ہے۔ منکی پاکس کا وائرس ناک یا منہ کے راستے اور زخمی جلد کے ذریعے جسم میں داخل ہوتا ہے۔ اس کا واحد حل خود کو متاثرہ لوگوں سے دور رکھنا ہے ۔