راولپنڈی:(پوائنٹ پاکستان) راولپنڈی میں رتہ امرال تھانے کی حدود میں قاری نے 12 سالہ لڑکی کا گلا کاٹ دیا جسے وہ قرآن پڑھایا کرتا تھا۔
تفصیلات کے مطابق یہ دل دہلا دینے واقعہ رتہ امرال تھانے کی حدود میں محلہ چک مداد ویسٹریج کے علاقے میں پیش آیا۔
تھانہ رتہ امرال پولیس کے مطابق ایبٹ آباد کا 21 سالہ عادل مقتولہ کے گھر قرآن پڑھانے جاتا تھا۔ پولیس کے مطابق اس وحشیانہ واقعے سے ایک روز قبل مقتولہ نے اپنے والدین سے عادل کے نامناسب رویے کی شکایت کی تھی اور انھوں نے عادل کو اسے پڑھانے سے روک دیا تھا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ پیر کے روز، لڑکی اپنے پڑوس کے ٹیوشن سنٹر گئی، جہاں عادل اس کے پاس پہنچا اور بے دردی سے اس کا گلا کاٹ کر اسے قتل کر دیا، جرم کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی۔
یہ بھی پڑھیں: لیاقت پور: امام مسجد کی دوسرے امام مسجد سے مبینہ زیادتی
پولیس کا کہنا ہے کہ شواہد اکٹھے کر لئے ہیں اور نابالغ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ، ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عادل نے ابتدائی تفتیش کے دوران اعتراف کیا کہ لڑکی کے گھر والوں کو اس پر شک تھا اس لیے اس نے یہ گھناؤنا جرم کیا۔پولیس نے مقتول کے والد زاہد نصیر کی مدعیت میں ایف آئی آر کے اندراج کے بعد تفتیش شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کمسن بچی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔




