ڈی جی آئی ایس آئی نے ملازمین کو سختی سے سیاست سے دور رہنے کا حکم دیدیا

اسلام آباد:( پوائنٹ پاکستان) جنگ اخبار میں شائع خبر کے مطابق ملک کی سرکردہ انٹیلی جنس ایجنسی (آئی ایس آئی) کے ملازمین کو سختی سے سیاست سے دور رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

صحافی انصار عباسی نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نے آئی ایس آئی کے تمام ملازمین پر واضح کر دیا ہے کہ سیاست یا سیاسی معاملات میں کسی طرح کی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

جنگ اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موجودہ آئی ایس آئی چیف نے عہدہ سنبھالتے ہی فیصلہ کیا ہے کہ ادارے کو سیاست سے دور رکھا جائے گا تاکہ غیر ضروری تنازعات سے بچ کر صرف اپنے کام پر توجہ مرکوز رکھی جا سکے۔

سنئیر صحافی انصار عباسی کے مطابق ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل امجد شعیب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ انہیں اس پیشرفت کے حوالے سے براہِ راست علم نہیں ہے لیکن موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی کے پروفائل اور ان کے ماضی کے ریکارڈ کو مد نظر رکھتے ہوئے وہ سمجھتے ہیں کہ ایسی ہدایات ہی جاری ہونا تھیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس آئی غیر سیاسی شخصیت ہیں، ماضی میں ایجنسی جن تنازعات کا سامنا کرتی رہی ہے انہیں دیکھتے ہوئے یہ اچھا فیصلہ ہے کہ ادارے کو سیاست سے دور رکھا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں