فیصل آباد(پوائنٹ پاکستان)اسسٹنٹ کمشنرز سٹی وصدر صاحبزادہ محمد یوسف اور منصور قاضی نے مشترکہ ایکشن لیتے ہوئے دھواں چھوڑکر ماحولیاتی آلودگی پھیلانے کی پاداش میں سات انڈسٹریل یونٹس کو ساڑھے تین لاکھ روپے جرمانہ کیا۔اسسٹنٹ کمشنرز نے ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات وسیم احسن چیمہ اور انسپکٹر ماحولیات کے ہمراہ مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ کرکے انڈسٹریل یونٹس کے بوائلر اور بھٹہ جات کو چیک کیا اور ویسٹ جلانے پر ایکشن لیا۔انہوں نے دوران چیکنگ زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے پر دو بھٹوں کو بھی سیل کرادیا۔اسسٹنٹ کمشنرز نے محکمہ ماحولیات سے کہا کہ انڈسٹریل یونٹس کی انسپکشن جاری رکھیں اور جرمانہ کے حامل یونٹس کی انتظامیہ کی طرف سے مزید خلاف ورزی پر مالک اور متعلقین کے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ سموگ کے انسداد کے لئے چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے اور ماحول کو آلودہ کرنے والے سے آئندہ بھی سختی سے نمٹا جائے گا۔




