خیبر پختونخوا انٹر ورسٹی اسپورٹس گیمز کا افتتاح

پشاور(پوائنٹ پاکستان)خیبرپختونخوا کے وزیر کھیل و امور نوجوانان، سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی اور خوراک عاطف خان نے کہا ہے کہ صوبے میں تقریباً 50 ارب روپے کے مختلف کھیلوں کے منصوبوں پر کام جاری ہے جن کی تکمیل سے صوبہ بھر کے نوجوان مستفید ہونگے۔ انھوں نے کہا کہ ان منصوبوں سے نہ صرف کھیلوں کو فروغ ملے گا بلکہ صوبے کا ٹیلنٹ بھی سامنے آئے گا۔ اس خیال کا اظہار انھوں نے بدھ کے روز خیبر پختونخوا انٹر ورسٹی اسپورٹس گیمز کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ ایک رنگا رنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں خیبرپختونخوا کے وزیر زکوٰة و سماجی بہبود انور زیب خان، اراکین صوبائی اسمبلی، مختلف جامعات کے وائس چانسلرز اور سرکاری حکام کے علاوہ کھلاڑیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل عاطف خان نے کہا کہ انٹرورسٹی گیمز میں صوبے کے 32 جامعات کے 28 سو سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں ، 1650 مرد کھلاڑی اور 1385 خواتین کھلاڑی حصہ لینے والوں میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کو مکمل کٹس’شوز’تمام کھیلوں کاسامان’ٹی اے ڈی اے دینے کے علاوہ مقابلے جیتنے والے ٹیموں کو انعامات سے بھی نوازا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ گیمز میں والی بال، کرکٹ، فٹبال اور بیڈ منٹن کے کھیل شامل ہیں جس سے نہ صرف کھیلوں کو فروغ ملے گا بلکہ طلبہ و طالبات کی صلاحیتیں بھی اجاگر ہوںگی۔انھوں نے کہا کہ اسپورٹس میلہ 24 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
صوبائی وزیر نے اسپورٹس میلے کے انعقاد پر محکمہ کھیل وامور نوجوانان کومبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی بھی پوری محنت اور لگن کیساتھ مقابلوں میں حصہ لیکر اپنے علاقے، جامعہ، صوبے اور ملک کا نام روشن کریں۔ انھوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔اپنے خطاب میں صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ بہت جلدانٹر کالجز کھیلوں کے مقابلے بھی شروع کر رہے ہیں جن میں صوبے کے تمام کالجز کے طلبہ حصہ لیں گے۔عاطف خان نے کہا کہ صوبے کے نوجوانوں میں آگے بڑھنے کا جذبہ ہونا چاہیے اور بین الاقوامی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں کیلئے خود کو تیار کرنا ہے۔
کھلاڑیوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں کے لئے سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے ضلعی سطح پر فیمیل انڈور جیمنیزیم بنا رہے ہیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اور ڈائرکٹوریٹ آف امور نوجوانان کے نئے آفیشل لوگو کی رونمائی بھی کی گئی۔واضح رہے کہ انٹر یونیورسٹی گیمز میں یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بنوں، یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کوہاٹ، گومل یونیورسٹی ڈی آئی خان، خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک، یونیورسٹی آف فاٹا، یونیورسٹی آف لکی مروت، یونیورسٹی آف پشاور، یونیورسٹی آف انجینئر نگ پشاور، اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور، خیبرمیڈیکل یونیورسٹی پشاور، یونیورسٹی آف ملاکنڈ، شہدائے اے پی ایس یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی نوشہرہ، عبدالولی خان یونیورسٹی مردان، جی آئی کے آف انجینئر نگ صوابی، یونیورسٹی آف صوابی، باچاخان یونیورسٹی چارسدہ، یونیورسٹی آف انجینئر اینڈ ٹیکنالوجی مردان، شہید بے نظیر یونیورسٹی شرینگل دی اپر، ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ، یونیورسٹی آف ہری پور، یونیورسٹی آف چترال، یونیورسٹی آف سوات، یونیورسٹی آف بونیر، ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس،شہید بے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشاور، ویمن یونیورسٹی مردان،ویمن یونیورسٹی صوابی،پاک آسٹریہ یونیورسٹی ہری پور،زرعی یونیورسٹی ڈی آئی خان کی ٹیمیںحصہ لیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں