اسلام آباد( پوائنٹ پاکستان ): وزیر اعظم عمران خان نے کہا بلوچستان میں دہشتگرد حملے پسپا کرنے پر اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین اور سلام پیش کرتا ہوں ۔
تفصیلات کے مطابق ٹویٹر پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے پنجگور اور نوشکی میں دہشتگرد حملے ناکام بنائے ، قوم ہماری حفاظت کرنے والی اور جانوں کی قربانیاں دینے والے سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے ۔
واضح رہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے بلوچستان کے علاقوں پنجگور اور نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپوں پر حملے کی کوشش کی گئی تاہم انہیں بروقت کارروائی سے پسپا کردیا گیا۔ دہشت گردوں کو دونوں کارروائیوں میں جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا،آئی ایس پی آر کے مطابق نوشکی میں دہشت گردوں نے ایف سی کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی کے جوانوں کی کارروائی میں چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے، بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں دہشت گرد لاشیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔




